Tauba Kia HaiQasim-e-Fayuzat Hazrat Ameer Muhammad Akram Awan (RA)

Tauba Kia Hai

Munara, Chakwal, Pakistan
19-01-2021
توبہ سے متعلق قرآن کریم نے   تَوْبَۃً نَّصُوْحًا (التَّحْرِیْم: ۸) کی  اصطلاح ارشاد فرمائی ہے یعنی توبہ آپ کے اس عمل کو کہتے ہیں کہ اگر خلاف شریعت  (انسان کے مزاج کے مطابق اچھائی، برائی نہیں ہے، بلکہ اچھائی،برائی کا معیار قرآن کریم اور سنت نبی ﷺ ہے) کوئی عمل کر رہے ہیں یا آپ کا عقیدہ اور نظریہ اس سے مختلف ہے،تو توبہ ہوتی ہے کہ اس عمل سے بعض آ جائے اور ایسا بعض آئے کہ آئندہ کے لیے نصیحت ہوجائے یعنی یہ نہیں کہ جوکام میں کرچکا ہوں اس سے توبہ اور رجوع کرتا ہوں بلکہ شرط یہ ہے کہ  تَوْبَۃً نَّصُوْحًا   وہ آئندہ زندگی کے لئے نصیحت بن جائے۔
بطفیل نبی کریم ﷺ یہ اللہ کریم نے ایک بہت بڑا معافی کا خانہ رکھا ہے۔ پہلی امتوں میں توبہ تھی۔حضرت موسٰی علیہ السلام جب کوہ طور پر تشریف لے گئے تو آپ کی امت نے فرعونیوں کا زیورپگھلاکر ایک بچھڑا سا بنا لیااور اس بچھڑے کو پوجنے لگ گئے۔کچھ لوگ ان کے خلاف رہے۔حضرت موسٰی علیہ السلام کی واپسی پرآپ نے تنبیہ کی، سخت ناراض ہوئے۔انہیں احساس ہوا کہ ہم نے غلط کیا ہے۔ ہم توبہ کرتے ہیں۔ارشا د باری ہوا کہ   فَتُوْبُوْٓا اِلٰی بَارِءِکُمْ  فَاقْتُلُوْٓا اَنْفُسَکُمْ   (الْبَقَرَۃ: ۵۴) اس کی توبہ قبول ہوگی جو اپنی جان دے گا۔اگر یہ توبہ کرتے ہیں تو انہیں اللہ کی راہ میں، اللہ کے حکم سے قتل کردیا جائے اور جو جس کا قریبی عزیز ہے وہ خود قتل کرے۔ یہ نہ ہو کہ توبہ کے بعد لڑائیاں شروع ہوجائیں۔تم نے میرا باپ مارا تھا، تم نے میرا بھائی، فرمایا نہیں۔ان کے اپنے عزیز انہیں قتل کریں۔ یہ کتنی کڑی شرط تھی اور بعض حضرات نے لکھا ہے کہ ہزاروں لوگ قتل ہو گئے۔حضرت موسٰی علیہ السلام گھر سے باہر نکلے تو ان کا پاؤں انسانی خون کے کیچڑ میں دھنس گیا۔ وہ لرز گئے اور انہوں نے دعاکی بارالہاتو کریم ہے ان کو معاف فرما دے۔ ارشاد باری تعالیٰ ہوا جو قتل ہوچکے ہیں انہیں شہید کا درجہ عطا کرتا ہوں جو بچ گئے ہیں انہیں میں معاف کرتا ہوں اوریوں وہ قتل عام بند ہوا۔ یہ ہم سے پہلے کی امتوں کی توبہ کا ایک پہلو، ایک جھلک،ایک نمونہ ہے۔حضور اکرم ﷺ رحمۃ العالمین کی بعثت کے بعد رب کریم نے کوئی شرط نہیں رکھی۔ مشرک ہے، کافر ہے،بت پرست ہے، بدکار ہے، شرابی ہے زانی ہے، جواکھیلتا ہے، فواحشات میں مبتلا ہے، دنیا کا کوئی گنا ہ سرزرد ہوگیا ہے۔ فرمایا  وَرَحْمَتِیْ وَسِعَتْ کُلَّ شَیْْءٍ  (الْاَعْرَاف:۶۵۱) میری رحمت ہر چیز سے وسیع تر ہے۔
کسی اللہ کے بندے نے عرض کی کہ بار الہ انسان کی توبہ کیسی ہے؟ انسان کے گناہ کیسے معاف ہوتے ہیں؟ انہیں ایک مشاہدہ کرایا گیا کہ سمندر میں ایک چھوٹا سا جزیرہ ہے۔ اس کے کنارے پر ایک درخت ہے جس پر ایک چڑیابیٹھی ہے، اس کی چونچ میں مٹی ہے۔ اب جتنی چونچ میں مٹی سما سکتی ہے اتنی ہی ہو گی۔اس چڑیا نے وہ مٹی سمندر میں گرا دی۔فرمایا گناہ میری رحمت کے مقابلے میں اتنے بھی نہیں جتنااس سمندر کے مقابلے میں اس چڑیا کے مونہہ میں یہ مٹی تھی۔ اس نے گرا دی تو سمندر کا کیا بگڑا؟اس کا مونہہ صاف ہو گیا تو تمہاری توبہ وہی ہے کتنا بھی تمہارے گناہ ہوں لیکن آخر انسانی استعداد کے اند رہی ہیں۔وہ کفر کرتا ہے،شرک کرتا ہے یا گناہ کرتا ہے۔انسانی استعداد کی حدیں ہیں، اس سے آگے بندہ کچھ نہیں کرسکتا،ان حدود کے اندر ہیں۔فرمایا میری رحمت تو لامحدودہے۔ تمہارے گناہ اس چڑیا کے مونہہ میں مٹی ہیں اور میری رحمت ان سمندروں سے وسیع تر ہے۔سمندر کی تو حدود ہیں میری رحمت کی حدود نہیں ہیں۔لیکن توبہ کا مطلب یہ ہے کہ آپ اس برائی کوبرائی مان لیں۔ سب سے پہلے چھوڑنے کا جو سبب بنتا ہے وہ یہ ہے کہ آپ غلطی کو غلطی مانیں کہ میں غلط کر رہا ہوں جوکہ گناہ ہے اور اس کے بعد اللہ سے دعا کریں یا اللہ میں گناہ کر رہا تھا، اب میں نے بس کردیا۔ آئندہ کبھی گناہ نہیں کروں گا باقی زندگی اس کے دفاع پرصرف کرے،یہ توبہ ہے۔
فرمایابرزخ کھل جانے تک توبہ کا وقت ہے۔ جب موت آ جاتی ہے جو لمحات موت کے ہوتے ہیں، اس میں تو کافر کو بھی فرشتے نظر آنے لگ جاتے ہیں،آخرت واضح ہوجاتی ہے۔قرآن کریم نے ذکر فرمایا ہے کہ فرشتے اسے کہتے ہیں۔ فِیْمَ کُنْتُمْ (النِّسَآء ِ: ۷۹) تم نے کہاں عمر ضائع کی؟ اللہ نے تمہیں شعور دیا، عقل دی، نبی مبعوث فرمائے،کتابیں نازل فرمائیں۔تم کیا کرتے رہے ہو؟   فِیْمَ کُنْتُم کہاں جھک مارتے رہے ہو؟  قَالُوْا کُنَّا مُسْتَضْعَفِیْنَ  فِی الْاَرْضِ تو وہ کہتا ہے میں زمین پر ایک غریب آدمی تھا، جدھرحکمران یا امیر لوگ جنہیں لیڈر کہتے ہیں، وہ چلتے رہے تو ہم تو عام آدمی تھے،پیروکار قسم کے آدمی تھے۔ ہم ان کے پیچھے چلتے رہے۔ فرشتے کہتے ہیں   اَلَمْ  تَکُنْ   اَرْضُ  اللّٰہِ  وَاسِعَۃً   فَتُھَاجِرُوْا  فِیْھَا  اللہ کی زمین وسیع نہیں تھی،یہاں کا ماحول برا تھا یا یہاں کے قوانین خلاف ِاسلام تھے یا یہاں کا معاشرہ خلافِ اسلام تھا۔تم حرام کھانے پر یا گناہ کرنے پریا جھوٹ بولنے پر مجبور ہوجاتے تھے تو تم نے اس کو چھوڑ کیوں نہ دیا؟ اللہ کی زمین وسیع ہے۔ وہاں سے چلے جاتے جہاں نیکی سے کم از کم رکاوٹ تو نہ ہوتی۔آج ساری دنیاچھوڑ کر جارہے ہو پھر یہ کہناکہ میری یہ مجبوری وہ مجبوری تو وہ مجبویاں اب کہاں ہیں؟ آج دنیا چھوڑ رہے ہو،اس وقت تم برائی کا ماحول چھوڑ دیتے تو کتنا اچھا ہوتا؟اس میں علماء فرماتے ہیں کہ جہاں ماحول ایسا ہو کہ وہاں مجبوراً معاشرے کا جو پریشر ہے،سوسائٹی کاجو ایک دباؤ ہے۔اس کے تحت آپ بھلائی کر نہیں سکتے مجبوراً کچھ گناہ کرنا پڑ جاتے ہیں،وہاں سے ہجرت واجب ہوجاتی ہے۔وہاں سے نکل جاؤ۔اب یہ وطن عزیز ہے۔ہم کہتے ہیں یہاں قانون شرعی نہیں ہے،عدلیہ کا قانون شرعی نہیں ہے۔سیاسی نظام غیرشرعی ہے۔ سارا شور مچا رہتا ہے لیکن ایک بات جس پر سب کواتفاق کرنا پڑے گا کہ کوئی نیکی کرنا چاہے تو روکتا کوئی نہیں۔معاشرہ یا ماحول یا سوسائٹی کوئی چیز آڑے نہیں آتی۔قانون، آئین،دستور، عدالت،آپ نیکی کرنا چاہیں تو کوئی نہیں روکتا۔جہاں نیکی سے روکاجاتا ہے۔ وہاں سے چھوڑ کر وہاں آجاؤ جہاں کوئی نیکی سے روکتا نہیں۔ہمارا یہاں کا ماحول بھی اس کے الٹ جارہا ہے۔ ہر بندے کی یہ کوشش ہوتی ہے کہ یہاں سے نکل کر میں امریکہ،برطانیہ، یورپ یا کہیں اور چلا جاؤں حالانکہ وہاں سے یہاں آنے کا مشورہ ہے۔
تو یہ بھی توبہ کا ایک رخ ہے کہ اللہ کریم نے جو ارشاد فرمایا ہے اس پر یقین کامل ہونا چاہئے۔فرمایا  وَمَا مِنْ دَآبَّۃٍ فِی الْاَرْضِ اِلَّاعَلَی اللّٰہِ رِزْقُھَا(ھُوْدٍ:۶) ہر ذی روح جو زمین پر ہے مکھی، مچھر،کیڑہ مکوڑہ، پرندہ،کوئی جانور یا انسان کی روزی،جو حیات کا سبب ہے۔ اس کا ذمہ میرا ہے۔ جب اللہ کا ذمہ ہے تواس پراعتبار کرو۔اگر وہاں جاؤگے تو رزق وہی ملے گا جو تمہارے نصیب کا ہے۔جو اللہ کاذمہ ہے ہمیں اس کی فکرہے۔ جو ہمارے ذمے ہے وہ ہم کہتے ہیں اللہ رحم کرے گا۔ہمارے ذمہ ہے کہ ہم نبی پاک ﷺ کے ارشادات کی روشنی میں قرآن کی روشنی میں اس بات کو متعین کریں کہ اچھائی کیا ہے؟ برائی کیا ہے؟ حضور ﷺ نے کس چیز کو اچھا کہاہے؟کس کو برا کہا ہے؟ اس کے مطابق  وَمَآاٰتٰئکُمُ الرَّسُوْلُ فَخُذُوْہُ جو اللہ کے رسول  ﷺنے عطا فرمایا اسے قابو کر لو، چمٹ جاؤ،اسے اختیار کرلو   وَمَا نَھٰئکُمْ عَنْہُ فَانْتَہُوْا (الْحَشْرِ:۷)  جہاں سے روک دیں وہاں سے رک جاؤ۔
اگر بندہ بے مہار چلتا رہاہے اور اس کو احساس ہوگیا ہے تو اس اپنے عمل کو تبدیل کرے۔ اس برائی کو چھوڑ دے اور ایسا چھوڑے کہ آئندہ کے لیے نصیحت ہوجائے۔نصیحت ہوتی ہے دوسروں کے لیے۔ دوسروں کے لیے مثال بن جائے کہ ایسے بھی کیا جاسکتا ہے۔یہ توبہ ہے اور کسی کے گناہ کتنے ہی زیادہ ہوں۔ بلکہ ایک حدیث پاک کا مفہوم ہے کہ کوئی گناہگار اتنے گناہ کرے کہ اس نے زمین و آسمان کے درمیان سارے خلاء کو گناہوں سے بھر دیا ہوتو ایک توبہ کافی ہے اور توبہ کی امید پر گناہ کرنا توظلم ہے جیسے تریاق کی امید پر کوئی سانپ سے ڈسوا لے۔کیاکوئی ڈسواتا ہے؟کوئی رسک لیتا ہے۔آپ تریاق کا انجیکشن جو سانپ کے زہر کا اتار ہے اس کے ہاتھ میں دیں اور اسے کہیں سانپ سے ڈسواؤ توبہ کی امید پر گناہ کرنا ایسا ہی ہے جیسے انجیکشن ہاتھ میں ہو اور خودسانپ سے ڈسوا لے۔وہ انجیکشن اثر کر ے گا یا نہیں سانپ تو اثر کرجائے گا۔یہ ظلم ہے زیادتی ہے اسے جہالت کہیں گے۔اللہ کریم صحیح شعور عطا فرمائیں۔


Tauba Kia Hai by Qasim-e-Fayuzat Hazrat Ameer Muhammad Akram Awan (RA) - Feature Articles
Silsila Naqshbandia Owaisiah, Awaisiah Naqshbandia, Lataif, Rohani Tarbiyat, Zikr Qalbi, Allah se talluq, Dalael us Salook