Walidain Ke Sath Husn E Sulooq Aur Un Ki Khidmat Mein Husool Razaye Baari Taala HaiSheikh-e-Silsila Naqshbandia Owaisiah Hazrat Ameer Abdul Qadeer Awan (MZA)
Walidain Ke Sath Husn E Sulooq Aur Un Ki Khidmat Mein Husool Razaye Baari Taala HaiSheikh-e-Silsila Naqshbandia Owaisiah Hazrat Ameer Abdul Qadeer Awan (MZA)
Munara, Chakwal, Pakistan
28-03-2025
والدین کے ساتھ حسن سلوک اور ان کی خدمت میں حصول رضائے باری تعالیٰ ہے
والدین کے ساتھ حسن سلوک اور ان کی خدمت میں حصول رضائے باری تعالیٰ ہے
والدین کے ساتھ حسن سلوک اور ان کی خدمت میں حصول رضائے باری تعالیٰ ہے اور کوئی بھی عمل بارگاہ الٰہی میں تب مقبول ہو گا جب وہ نور ایمان سے مزین ہوگا۔ یہ بنیاد ہے دین اسلام کی۔ آج ہم جب اس بنیاد سے ہٹ گئے ہیں تو ہماری ذات انا اور تکبر کی صورت میں سامنے آگئی ہے جس کی وجہ سے وہ فروعی اختلافات جو کہ دین اسلام کا حسن ہیں، انہیں ہم کفر کے فتووں تک لے گئے ہیں اور دوسری بڑی خرابی بحیثیت مجموعی یہ آگئی ہے کہ ہم توکل اور ایمانیات میں اتنے کمزور ہو گئے ہیں کہ اپنی امیدیں اللہ کو چھوڑ کر مخلوق سے وابستہ کر لی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار حضرت امیر عبدالقدیر اعوان شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ و سربراہ تنظیم الاخوان پاکستان نے جمعتہ المبارک کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ آپﷺکا زمانہ تمام زمانوں سے افضل زمانہ ہے اور جب آپ جلوہ افروز ہیں اور قرآن مجید میں ان مشرکین کے بارے فرمایا جا رہا ہے کہ یہ اندھے اور بہرے ہیں، حالانکہ اس وقت آپﷺ کے جسم اطہر کو جن پتھروں نے مس کیا وہ بھی کلمہ حق بلند کر رہے ہیں اور ایک بے جان بھی اللہ کریم کی تسبیح کر رہا ہے۔ ارشاد مصطفیﷺ ہے کہ احد پہاڑ کو مجھ سے محبت ہے اور میں بھی اس سے محبت کرتا ہوں۔ اسی جگہ پر وہ گوشت پوست کے انسان جو کہ مکلف مخلوق ہیں، انکار کر کے اندھوں اور بہروں میں شمار ہو رہے ہیں۔ اللہ کریم نے ہمیں مکلف مخلوق بنایا اور انسان کو اختیار دے دیا کہ وہ کون سی راہ کا انتخاب کرتا ہے۔
اس دنیا میں ہمارے آنے کا سبب ہمارے والدین ہیں۔ ارشاد ہے کہ اس کی ناک خاک آلود ہو جن کے والدین یا ان میں کوئی ایک موجود ہو اور بندہ ان کی خدمت کر کے جنت کا حقدارنہ ٹھہرے۔ ماں باپ کو پیار اور محبت کے ساتھ دیکھنے سے اللہ کریم مقبول حج کا اجر عطا فرماتے ہیں اور حکم ہے کہ والدین کے ساتھ کوئی ناپسندیدہ بات نہ کریں بلکہ انہیں اف تک نہ کہیں۔
یاد رہے کہ دارالعرفان منارہ مرکز میں ہزاروں کی تعداد میں سنت و نفل اعتکاف کے لئے ملک کے طول و عرض سے سالکین تصوف آئے ہوئے ہیں اور باقاعدہ سحری سے لے کر رات ۱۱ بجے تک ایک ٹائم ٹیبل کے مطابق اپنا وقت بسر کر رہے ہیں۔ ان اوقات کار میں صحبت شیخ، فقہ کی کلاسز، درس حدیث اور باطنی اصلاح و تربیت کی گروپ وار کلاسز کا انعقاد ہوتا ہے۔ سحری اور افطاری کا وسیع بندوبست حضرت شیخ المکرم کی زیر نگرانی خدمت پر مامور رضاکار کر رہے ہیں اور باقاعدہ ایک منظم طریقے سے یہ سب کچھ سرانجام دیا جا رہا ہے۔ گذشتہ شام حضرت شیخ المکرم نے معتکفین کے ساتھ افطاری کی اور اس موقع پر لیلتہ القدر کی فضیلت بیان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ اللہ کریم کا احسان ہے کہ اس بابرکت رات کو آخری عشرہ کی طاق راتوں میں تلاش کرنے کا فرما دیا گیا ہے۔ اگر کسی ایک رات کی نشاندہی کر دی جاتی اور اگر اس رات کو بندہ غفلت میں گزار دیتا تو بہت بڑی گرفت کا سبب بن جاتی۔ آخر میں رمضان المبارک کے آخری جمعہ کے موقعہ پر ملک کی سلامتی اور موجودہ دہشت گردی کی لہر کے خاتمے کے لئے خصوصی دعا فرمائی
Walidain Ke Sath Husn E Sulooq Aur Un Ki Khidmat Mein Husool Razaye Baari Taala Hai by Sheikh-e-Silsila Naqshbandia Owaisiah Hazrat Ameer Abdul Qadeer Awan (MZA) - Press Releases on March 28,2025