علم صرف جاننے کا نام نہیں ہے بلکہ اُس جاننے پرخلوص کے ساتھ عمل کرنے کا نا م ہے۔تعلیمات ِ محمد الرسول اللہ ﷺ کے ساتھ کیفیات محمد الرسول اللہ ﷺ نصیب ہوں تو خلوص کے ساتھ عمل کی توفیق نصیب ہوتی ہے۔اور ایسے لوگوں کو ہی عالم ِ ربانی کہا جاتا ہے۔اسے ہی تصدیق بالقلب کہا گیا ہے۔جو لوگ نسل در نسل غلام تھے جب بعثت محمد الرسول اللہ ﷺ سے ایمان نصیب ہوا پھر چاہے کوئی گردن کاٹ دے یا آگ میں جلا دے کوئی ان کا ایمان کمزور نہیں کر سکا کیونکہ ان کا ایمان نہاں خانہ دل تک رسائی کر چکا تھا۔انہیں تصدیق بالقلب بھی اس درجہ کا نصیب ہوا جس کی کوئی مثال نہیں ملتی یہ وہ لوگ تھے جنہیں براہ راست کیفیات محمد الرسول اللہ ﷺ نصیب ہوئیں۔
امیر عبدالقدیر اعوان شیخ سلسلہ کا جمعتہ المبارک کے روز خطاب۔
انہوں نے کہا کہ اعتمادالی الرسول ﷺ کا نام دین ہے۔ نزول قرآن کی واحد گواہ آپ ﷺ کی ذات اقدس ہے۔باقی ساری مخلوق کو جو اللہ کا کلام نصیب ہوا واحد ذات محمد الرسول اللہ ﷺ کی ہے جہاں سے نصیب ہوا۔اس ماننے میں آپﷺ کا امتی ہونے میں پھر کس درجے کا صدق درکار ہے؟کس درجہ کا یقین چاہیے؟ہم نے تو اللہ کی ذات کو بھی آپ ﷺ کے ارشادات سے جانا اور پہچانا،ہم نے قرآن کریم یہ اللہ کی کتاب ہے آپ ﷺ کے ارشاد پر مانا۔دین کیا ہے؟ اعتماد الرسول ﷺ کا نام دین ہے۔اور یہ اعتماد بھی اس بحر سے نصیب ہوتا ہے جو بحر قلب اطہر محمد الرسول اللہ ﷺ سے جاری ہے۔ہم اس دنیا میں زندہ باد اور مردہ باد میں مصروف ہیں یہی وقت ہے اپنے اللہ سے وہ صدق مانگیں جو ایمان کے اس درجہ پر لے جائے کہ میں ہر وقت اپنے اللہ کے روبرو ہوں۔ آج دین میں آمیزش کی جاتی ہے اپنی پسند کے مطابق دین بیان کیا جاتا ہے۔ کیا یہ جچتا ہے کہ ہم اللہ اور اللہ کے نبی ﷺ کی بات سنائیں اور اس میں ہماری اپنی پسند کا دخل ہو؟
اللہ کریم ہمیں معاف فرمائیں اور صحیح شعور عطا فرمائیں۔استقامت فی الدین اور خلوص دل عطا فرمائیں۔
آخر میں انہوں نے ملکی سلامتی اور بقا کی اجتماعی دعا بھی فرمائی
Behtreen Tableegh Amli Tableegh Hai by Sheikh-e-Silsila Naqshbandia Owaisiah Hazrat Ameer Abdul Qadeer Awan (MZA) - Press Releases on August 1,2025