Method Of Zikr E Qalbi KhafiSilsila Naqshbandia Owaisiah Publications

Method Of Zikr E Qalbi Khafi

وَاذْکُرْ رَّبَّکَ فِیْ نَفْسِکَ تَضَرُّعًا وَّخِیْفَۃً وَّدُوْنَ الْجَہْرِ مِنَ الْقَوْلِ بِالْغُدُوِّ وَالْاٰصَالِ وَلَا تَکُنْ مِّنَ الْغٰفِلِیْنَ  (الْاَعْرَاف: 205)
اور اپنے پروردگار کو دل ہی دل میں یاد کریں عاجزی اور خوف سے اور اونچی آواز کے بغیر صبح وشام (ہمہ وقت)اور (کبھی)بھولنے والوں میں شامل نہ ہوں۔
 

ذکر ِقلبی خفی بطریق پاس انفاس

اس طریقے کا اصطلاحی نام پاسِ انفاس ہے یعنی اپنے سانسوں کی نگرانی کرنا۔ بعض لوگوں کو یہ دھوکا ہوتا ہے کہ سانس سے یہ ذکر کیسا؟ انہیں جاننا چاہیے کہ ذِکر دِل سے کیا جاتا ہے، سانس صرف ایک خاص ترکیب سے لی جاتی ہے اور بس! اگر اس طریقے سے اور اِرادی طور پر قوت سے سانس نہ لی جائے تو جو کام ایک دن کا ہے، اس پر کئی سال لگ سکتے ہیں۔  

  •  روزانہ پابندی سے صبح فجر سے پہلے (تہجد کے وقت) اور مغرب کے بعد تمام لطائف پرمناسب دیر تک ذکر کیا جائے۔
  •  ذِکر کے دوران سانس تیزی سے اور قوت سے لی جائے۔
  •  اور ساتھ ہی جسم کی حرکت جو سانس کے عمل کے ساتھ خود بخود شروع ہو جاتی ہے۔
  •  پورا خیال رہے کہ کوئی سانس اللہ کے ذکر سے خالی نہ ہو۔
  •  توجہ قلب پر مرکوز رہے اور ذکر کا تسلسل ٹوٹنے نہ پائے۔
  •  قبلہ رو بیٹھ کراور متوجہ الی اللہ ہو کرمنہ اور آنکھیں بند کر لیں۔
  •  ذکر شروع کرنے سے پہلے درج ذیل تسبیحات ایک ایک بار پڑھ لیں۔


سُبْحَانَ ا اللّٰہِ وَ الْحَمْدُ  لِلّٰہِ وَ لَا اِلٰہَ اِلَّا  اللّٰہُ وَ اللّٰہُ اَکْبَرُ
وَلَا حَوْلَ وَ لَا قُوَّۃَ اِلَّا بِا للّٰہِ الْعَلِیِّ الْعَظِیْمِ
اَسْتَغْفِرُ اللّٰہَ رَبِّی مِنْ کُلِّ ذَنْبٍ وَّ اَتُوْبُ اِلَیْہِ
اَشْھَدُ اَنْ لَّا اِلٰہَ اِلَّا ا اللّٰہُ وَ اَشْھَدُ اَنَّ مُحَمَّدًا عَبْدُہٗ وَ رَسُوْلُہٗ
اَعُوْذُ بِا اللّٰہِ مِنَ الشَّیْطٰنِ الرَّجِیْمِ
بِسْمِ ا للّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
اللہ۔۔ اللہ۔۔ اللہ


پہلا لطیفہ: مکمل یکسوئی اور توجہ کے ساتھ ہر سانس کی آمد و رفت پر اس طرح گرفت ہو کہ ہر داخل ہونے والی سانس کے ساتھ اسمِ ذات اللہ دل کی گہرائیوں میں اترتا چلا جائے اور ہر خارج ہونے والی سانس کے ساتھ ھُو کی چوٹ قلب پر لگے۔

دوسرا لطیفہ کرتے وقت ہر داخل ہونے والی سانس کے ساتھ اسمِ ذات اللہ دل کی گہرائیوں میں اترتا چلا جائے اور ہر خارج ہونے والی سانس کے ساتھ ھُو کی چوٹ دوسرے لطیفے پر لگے، اِسی طرح تیسرا لطیفہ، چوتھا لطیفہ اور پانچواں لطیفہ کرتے وقت ہر داخل ہونے والی سانس کے ساتھ اسمِ ذات اللہ دل کی گہرائیوں میں اترتا چلا جائے اور ہر خارج ہونے والی سانس کے ساتھ ھُو کی چوٹ اس لطیفہ پر لگے جو کیاجا رہا ہو۔

چھٹا لطیفہ: ہر داخل ہونے والی سانس کے ساتھ اسمِ ذات اللہ دل کی گہرائیوں میں اترتا چلا جائے اور ہر خارج ہونے والی سانس کے ساتھ ھُو کا شعلہ پیشانی سے نکلے۔

ساتواں لطیفہ: ہر داخل ہونے والی سانس کے ساتھ اسمِ ذات اللہ دل کی گہرائیوں میں اترتا چلا جائے اور ہر خارج ہونے والی سانس کے ساتھ ھُو کا شعلہ پورے بدن کے ایک ایک مسام اور ہر خلیہ  (Body Cell) سے باہر نکلے۔ ساتوں لطائف کرنے کے بعد پھر پہلا لطیفہ کیا جاتا ہے.

رابطہ کرنے کا طریقہ:

لطائف کرنے کے بعد رابطہ کیا جاتا ہے اور رابطہ کے لیے سانس کی رفتار کو طبعی انداز پر لا کر یہ خیال کریں کہ ہر داخل ہونے والی سانس کے ساتھ اسم ذات اللہ قلب کی گہرائیوں میں اترتا چلا جائے اور ہر خارج ہونے والی سانس کے ساتھ ھُو کی ٹکر عرش عظیم سے جا کر لگے۔ یہ پہلاسبق ہے، اِسے رابطہ کہتے ہیں۔

جب یہ مضبوط ہو جائے تو اگلے مراقبات یا مقامات کرائے جاسکتے ہیں۔

دعا کے ساتھ احتتام

Method Of Zikr E Qalbi Khafi by Silsila Naqshbandia Owaisiah Publications - Feature Topics in Munara, Chakwal, Pakistan on August 1,2020 - Silsila Naqshbandia Owaisiah, Tasawwuf, Sufia, Sufi, Silasil zikr, Zikr, Ziker Allah, Silasil-e-Aulia Allah
Silsila Naqshbandia Owaisiah,