Hazrat Ameer Abdul Qadeer Awan (Mud Zillah Al-Aalee)Silsila Naqshbandia Owaisiah Publications

Hazrat Ameer Abdul Qadeer Awan (Mud Zillah Al-Aalee)

الشیخ حضرت امیر عبدالقدیر اعوان مدظلہ العالی 26 مارچ 1973ء کو منارہ ضلع چکوال میں پیدا ہوئے ۔ آپ کو شیخ المکرم حضرت مولانا امیر محمد اکرم اعوان رح کے صاحبزادہ ہونے کا شرف حاصل ہے۔ آپ نے اپنی ابتدائی تعلیم (Formal Education) صقارہ ایجوکیشن سسٹم کے تحت بننے والے سکول و کالج سے حاصل کی اور 1994ء میں نہایت کم عمری میں سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ کے مرکز دارالعرفان کے انتظام و انصرام کی بھاری ذمہ داری سنبھال لی۔ 2001ء میں آپ الاخوان پنجاب کے صدر مقرر ہوئے ۔ 2003 ء میں آپ کو سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ کے ناظم اعلیٰ ہونے کا شرف حاصل ہوا ۔ بعد ازاں آپ نے ملک کے طول و عرض کے دورے شروع فرمائے آپ بڑے شہروں سے لے کر دور دراز اور پسماندہ ترین علاقوں تک میں تشریف لے گئے اور سلسلہ عالیہ کے فروغ کے لیے انتھک کوششیں فرمائیں۔

2010 ء میں آپ نے اپنے والد محترم کے تزکیہ نفس اور صفائے باطن کے عظیم مشن کو بین الاقوامی سطح پر جاری رکھنے کے لیے بیرون ملک دوروں کا آغاز فرمایا ۔ آج بھی آپ اندرون ملک دوروں کے ساتھ ساتھ سال میں ایک مرتبہ یورپ ، امریکہ اور مشرق وسطی کے ممالک کا سفر فرماتے ہیں۔ آپ کی محنت شاقہ کے طفیل ہزاروں لوگ صفائے باطن کی نعمت عظمی سے سرفراز ہورہے ہیں ۔ نو عمری ہی سے آپ نے اپنے والد محترم  رح کی روحانی تربیت سے فیضیاب ہونا شروع کیا اور ان کی خصوصی تو جہ سے اعلیٰ روحانی مراتب تک رسائی حاصل کی ۔ آپ کی روحانی استعداد کو دیکھتے ہوئے حضرت شیخ المکرم رح نے اپنی حیات مبارکہ ہی میں آپ کو قائم مقام شیخ مقرر فرما دیا تھا۔ آپ وہ خوش بخت انسان ہیں جن کے بارے میں حضرت شیخ المکرم رح فرمایا کرتے تھے کہ ان کے ساتھ ذکر کرنے کا اتنا ہی فائدہ ہوگا جتنا خود ان کی معیت میں ذکر کرنے کا ۔ 2017ء میں والد محترم کے وصال فرمانے کے بعد سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ کی بحیثیت شیخ مکمل اور بھاری ذمہ داری آپ کے کندھوں پر آگئی۔ آپ بے پناہ مصروفیت اور شبانہ روز کوششوں کے ساتھ ساتھ نہایت منفرد اور اچھوتے انداز و موضوعات پر ماہنامہ المرشد کا اداریہ لکھتے ہوئے قلم و قرطاس سے رشتہ بھی نبھائے رکھتے ہیں جنہیں پڑھ کر علم لدنی کی گہرائی، بلاغت اور وسعت پہ ایمان تازہ ہو جاتا ہے۔ تفسیر قرآن کریم کے سلسلہ میں آپ کے ہر جمعہ کے بیانات بھی اس بات کی غمازی کرتے ہیں ۔ فیضان صحبت شیخ نے فہیم قرآن اور تفسیر قرآن میں بلاشبہ آپ کو ایک انفرادیت عطا کر رکھی ہے۔ علاوہ ازیں متعدد اور متنوع عنوانات پر آپ کے قابل قدر مضامین ، تبصرے اور انٹرویوز ملکی اخبار و جرائد میں وقتا فوقتاً شائع ہوتے رہتے ہیں نیز اندرون و بیرون ملک ٹی وی کے مختلف پروگرامز اور ٹاک شوز میں بھی آپ شمولیت فرماتے ہیں۔ الغرض احیائے اسلام اور ترویج دین کی کوششوں میں آپ تمام ذرائع ابلاغ کو بھر پور طریقے سے استعمال میں لا رہے ہیں ۔ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ کے شیخ ہونے کی حیثیت سے سالکین کی روحانی تربیت کے علاوہ آپ سلسلہ عالیہ کے تمام تر شعبہ جات کے انتظامی امور کی نگرانی بھی فرماتے ہیں ۔ ان شعبہ جات میں ملکی اور غیر ملکی سطح پر قائم دارالعرفان ، صقارہ نظام تعلیم کے تحت قائم شدہ ادارے تنظیم الاخوان ، تنظیم الاخوات ،Glowing Heart Organization ، الفلاح فاؤنڈیشن اور شعبہ نشر و اشاعت وغیرہ شامل ہیں۔ اگر یہ کہا جائے کہ ان تمام تر شعبہ جات کو گزشتہ تئیس سالوں سے آپ نے اپنے خون جگر سے سینچا اور شبانہ روز کی محنت سے پروان چڑھایا ہے تو غلط نہ ہوگا۔ حضرت شیخ المکرم  رح کی حیات مبارکہ ہی میں ان امور کی ذمہ داری جب آپ پہ آئی تو آپ نے ہر شعبہ کے انتظام و انصرام سے لے کر اس کی ترویج و ترقی کے لیے بے پناہ محنت کی اور اوائل عمری ہی سے اپنا تمام تر وقت ترویج دین کے لیے وقف کر دیا اور آج بھی ان تمام شعبوں کے انتظامی امور کی جزئیات سے لے کر تفصیلات تک آپ کی گہری نظر ہوتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ اکل حلال کے لیے بھر پور سعی کرتے ہوئے اپنی زمینیں اور کاروبار بھی سنبھالے ہوئے ہیں۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ اپنی تمام تر اہم ذمہ داریوں کی ادائیگی کے باوجود آپ علاقائی سیاست اور اپنے خانگی امور کی انجام دہی سے بھی پہلو تہی نہیں فرماتے ۔ آپ اپنے والد محترم کے نقش قدم پر چلتے ہوئے زندگی کے تمام شعبہ جات میں اپنا فعال کردار ادا فرمار ہے ہیں۔ اللہ تعالیٰ آپ کی حیات مبارکہ میں برکت عطا فرمائے اور آپ کو اپنے مشن میں کامیاب و کامران فرمائے ۔ آمین
Hazrat Ameer Abdul Qadeer Awan (Mud Zillah Al-Aalee) by Silsila Naqshbandia Owaisiah Publications - Feature Topics in Munara, Chakwal, Pakistan on September 2,2023 - Silsila Naqshbandia Owaisiah, Tasawwuf, Sufia, Sufi, Silasil zikr, Zikr, Ziker Allah, Silasil-e-Aulia Allah
Silsila Naqshbandia Owaisiah,