Featured Events


عبادات کے لیے فراغت تلاش نہ کریں،عبادات کو اپنے وقت پر ادا کریں


 نبی رحمت ﷺ نے تمام اسباب پورے کر کے عریش بدر میں اللہ کے حضور دعا مانگی جو کچھ اپنے پاس تھا اسے اللہ کے حضور حاضر کر کے عرض کی میں سارے کا سارا اسلام یہاں لے آیا ہوں بحیثیت مسلمان ہمارا ایمان ہے کہ اللہ نے پیدا فرمایا وہ ہی ہر ضرورت پور ی کرنے والا ہے یہاں ہمیں یہ سبق ملتا ہے کہ اپنی کوشش او ر تمام اسباب کر کے پھر توکل اللہ پرکریں کہ رزق اللہ کی طرف سے عطا ہو گا کبھی فراوانی رز ق پر یہ خیال نہ کریں کہ یہ میرا ذاتی کمال ہے۔
 امیر عبدالقدیر اعوان شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ و سربراہ تنظیم الاخوان پاکستان کا دوروزہ ماہانہ روحانی اجتماع کے موقع پر خطاب۔
  انہوں نے کہا کہ عبادات کے لیے فراغت تلاش نہ کریں،عبادات کو اپنے وقت پر ادا کریں۔اللہ کی یاد فرصت کا کام نہیں ہے یہ تو مقصد ِ حیات ہے اگر فرصت تلاش کرتے رہیں گے تو کبھی فرصت نہیں ملے گی ہر چیز اللہ کی ہے اگر آپ دین کو اپنی پہلی ترجیح میں رکھیں گے اللہ کریم آپ کے باقی امور میں برکت عطا فرمائیں گے۔دنیا فانی ہے اس کا یہ مطلب نہیں کہ اسے چھوڑ دیا جائے یا اس سے قطع تعلق ہوا جائے بلکہ اپنی ضروریات کی تکمیل کے لیے اسباب اختیار کریں لیکن اس دنیا کو کل نہ جانیں کہ میں جو کچھ کر رہا ہوں سب اسی دنیا کے لیے ہے۔جو حکم ہے اس کی تعمیل سمجھ کر کرو گے تو امور دنیا بھی عبادات کا درجہ میں داخل ہو جائیں گے۔بنیاد ایمان ہے اللہ اور اللہ کے حبیب ﷺ کے حکم کی تعمیل۔دین اسلام کے احکامات پر عمل کرنے والے لوگ دوسروں سے زیادہ محنتی اور کام کرنے والے ہوتے ہیں۔رزق کی تقسیم اللہ کریم کے پاس ہے وہ جسے چاہیں بے شمار رزق عطا فرماتے ہیں۔جس کے پاس جو کچھ ہے کیا اس کا کوئی شمار کر سکتا ہے اس کی ایک ایک نعمت جو ہم استعمال کر رہے ہیں کیا اس کا کوئی متبادل ہو سکتا ہے۔اللہ کریم صحیح شعور عطا فرمائیں۔
  آخر میں انہوں نے ملکی سلامتی اور امت مسلمہ کے لیے خصوصی دعا بھی فرمائی
Ibadaat ke liye faraghat talaash nah karen, Ibadaat ko apne waqt par ada karen - 1

تصوف کیا ہے

Watch Tasawwuf Kia hai YouTube Video

قرآن کریم کے وہ معنی اور مفاہیم لیے جائیں جو نبی کریم ﷺ نے تعلیم فرمائے ہیں


عزت و ذلت کا معیار یہ ہے کہ جتنا کوئی اطاعت الٰہی پر کاربند ہو وہ اتنا عزت دار ہے۔اور جتنا دین سے دور ہو گا اتنا وہ ذلیل و خوار ہو گا۔ شعبہ تصوف عین دین اسلام کے تحت ہے
  تصوف،ایمان کی مضبوطی اور قلوب کی اصلاح کے ساتھ ساتھ بندہ مومن کے اعمال کو صراط مستقیم پر لے آتا ہے۔شعبہ تصوف کو جادو سے چھٹکارا،بیماریوں کا علاج،جنات کے اثرات کو ذائل کرنے کے لیے سمجھ لیا گیا ہے یہ سب شعبہ تصوف میں مقصود و مطلو ب نہیں ہے۔سالک اپنی عبادات خالص اللہ کی رضا کے لیے اختیارکرتا ہے۔یہ اللہ اللہ بندے کی سوچ اور فکر کو بھی راہ راست پر لے آتی ہے۔
 امیر عبدالقدیر اعوان شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ و سربراہ تنظیم الاخوان پاکستان کا جمعتہ المبارک کے روز خطاب۔
  انہوں نے کہا کہ قرآن کریم کے وہ معنی اور مفاہیم وہ لیے جائیں جو نبی کریم ﷺ نے تعلیم فرمائے ہیں۔اپنی مرضی،اپنے مطلب اور اپنے فائدے کے لیے کسی طرح کے معنی اور مفاہیم کرنا بہت بڑا ظلم ہے۔قرآن کریم حق کے مخالف کھڑے ہونے والے کو اندھا ارشاد فرماتا ہے ظاہری آنکھوں سے تو دیکھ رہا ہوتا ہے لیکن وہ اندھا ہے چونکہ وہ سائے کو دیکھ رہا ہے اصل کو نہیں دیکھ رہا۔جب ایمان مضبوط ہوتا ہے پھر بندہ سائے کی بجائے اصل کو دیکھتا ہے اور اصل آخرت ہے جو ہمیشہ کی زندگی ہے۔جب ہم فرائض کی ادائیگی نہیں کرتے،حلال وحرام کی تمیز نہیں کرتے پھر ہمارا ایمان کمزور ہوتا ہے۔جب ایمان کمزور ہوتا ہے پھر بندہ سمجھتا ہے یہی دنیا سب کچھ ہے۔
  انہوں نے مزید کہا کہ بندہ مومن جب اللہ کی واحدنیت کا اقرار کرتا ہے کلمہ پڑھتا ہے تو اس کا مطلب ہے کہ ہر شئے کا رد کر کے مانتا ہے۔تو عزت کی بنیاد وہی ہو گی جو اللہ نے مقرر فرمائی ہے۔عزت اللہ کے لیے ہے اللہ کے انبیاء ؑ کے لیے ہے۔ہمارے ذمہ یہ ہے کہ ہم ہر کام کی نسبت اللہ کی طرف کریں اسی میں خیر ہے اللہ کے ہر حکم میں خیر ہے۔جب ہمارا ہر کام اللہ کی رضا کے لیے ہوگا تو ہماری زندگیوں میں پاکیزگی پیدا ہو گی۔ہمارے اعمال میں یہ کیفیت ہوگی کہ میں اپنے اللہ کے روبرو ہوں۔اور اپنے ہر عمل کا جواب بھی دیناہے۔
  یاد رہے کہ دارالعرفان منارہ میں دوروزہ ماہانہ روحانی اجتماع 2,1 فروری بروز ہفتہ اتوار منعقد ہوگا جس میں پاکستان بھر سے سالکین سلسلہ عالیہ تشریف لائیں گے۔حضرت امیر عبدالقدیر اعوان اتوار دن گیارہ بجے خطاب فرمائیں گے اور خصوصی دعا بھی ہوگی۔دعوت عا م دی جاتی ہے کہ اس بابرکت پروگرام میں تشریف لاکر اپنے دلوں کو برکات نبوت ﷺ سے منورکریں
Quran kareem ke woh maienay aur Mafaheem  liye jayen jo nabi kareem SAW ne taleem farmaiye hain - 1

ماہانہ روحانی اجتماع لاہور

Watch Mahana Rohani Ijtima Lahore YouTube Video

دین اسلام اور زندگی کے معاملات سیاست،حکومت و ریاست کو الگ نہیں کر سکتے


دین اسلام اور زندگی کے معاملات سیاست،حکومت و ریاست کو الگ نہیں کر سکتے۔بندگی غیرمشروط اطاعت کا نام ہے۔رب کریم نے جتنی عبادا ت ہم پر فرض کی ہیں وہ بندہ مومن کی ضرورت ہیں ۔  دین اسلام کے خلاف قوتیں پوری طاقت کے ساتھ برسرپیکا ر ہیں اسی طرح ملک پاکستان میں بھی دشمن قوتیں اپنا کام کر رہی ہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اس ملک کی ایک ایک اکائی ہیں ہم اپنی زندگیوں کو اسلام کے سانچے میں ڈھال لیں ہمارے الفاظ ہمارا ہر اٹھتا ہوا قدم مثبت ہو۔زندگی میں وہ انداز وہ پہلو اختیار کریں جس سے ملک میں استحکام پیدا ہو۔جھوٹ کو اپنی زندگیوں سے نکال دیں اور اپنی اولادوں اور اہل خانہ کی تربیت اسلام کے اصولوں کے مطابق کریں۔باطنی اصلاح اور نمازوں کی پابندی بندہ مومن کو برائی اور بے حیائی سے بچاتی ہے۔بحیثیت انفرادی اور قوم اپنی ذمہ داری اس طرح ادا کریں کہ اپنی زندگی کے ہر عمل کو آپ ﷺ کے اسوہ حسنہ پر لے آئیں۔
 امیر عبدالقدیر اعوان شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ و سربراہ تنظیم الاخوان پاکستان کا جامع مسجد اویسیہ سوسائٹی لاہور میں ماہانہ روحانی اجتماع کے موقع پر خواتین و حضرات کی بڑی تعداد سے خطاب۔
  انہوں نے کہا کہ قرآن کریم کی تلاوت کے ساتھ ساتھ اس کا ترجمہ اور تفسیر پڑھنے کی کوشش بھی کیجیے۔آنے والا وقت مزید سخت ہے اس میں وہی کھڑا رہ سکے گا جو باعمل ہو گا۔باطل کو وہی روک سکے گا جو  اب حق کے ساتھ کھڑا ہے۔آپ نے منتظمین اور ذمہ داران کو ہدایات فرماتے ہوئے تلقین کی کہ تربیت کرتے وقت اپنے مزاج کو حاوی نہ ہونے دیں اور ہر ایک کی تربیت بڑی شفقت اور محبت سے کریں۔حیثیت کو مد نظر رکھے بغیر اصلاح کی کوشش کریں۔
  ملکی حالات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو چاہیے کہ جو پالیسی دیں اسے کم از کم تین سال کے لیے چلنے دیں۔آئے روز نئی پالیسی آجاتی ہے اور جو بات کی جاتی ہے اس پر عمل بھی کیا جانا چاہیے۔ہماری قوم عظیم قوم ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ اسے ہجوم سے نکال کر قوم کی صورت دی جائے۔ہمارا ذاتی مقصد کسی طرح کا مفا د نہیں ہے۔ہماری خواہش ہے کہ وطن عزیز میں سب کی راہ اللہ کی رضا والی ہو جائے ہم اس راہ کے مسافر ہوجائیں۔
غزوۃ الہند کے موضوع پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ عظیم جنگ اپنے دفاع میں لڑی جائے گی۔جب میدان سجتے ہیں تو پھر تیاری کا موقع نہیں ملتا۔اپنے آپ کو اس طرح تیار کریں کہ ہم اپنا دفاع کر سکیں۔جو جہاں ہے اپنے فرائض کو ادا کرے۔اللہ کریم صحیح شعورعطا فرمائیں۔
اس تربیتی اجتماع کے آخر میں بیان کے بعد حضرت نے نئے آنے والے احباب و خواتین سے ظاہری بیعت لی اور اس بابرکت محفل میں سب و ذکر قلبی بھی کرایا۔آخر میں انہوں نے ملکی سلامتی اور امت مسلمہ کے اتحاد کے لیے خصوصی دعا بھی فرمائی۔
Deen islam aur zindagi ke mamlaat siyasat, hukoomat o riyasat ko allag nahi kar satke - 1

توبہ کی توفیق

Watch Taubah ki Taufiqe YouTube Video

قرآن و سنت پر عمل کرنا اورراہنمائی حاصل کر کے زندگی بسر کرنا ہی اصل مقصد ہونا چاہیے


قرآن و سنت پر عمل کرنا اورراہنمائی حاصل کر کے زندگی بسر کرنا ہی اصل مقصد ہونا چاہیے۔چہ جائیکہ ہم فرائض کو چھوڑ کر وظائف کو کل جاننا شروع کر دیں اور اپنی غلطیوں کو جواز دینے کی کوشش کریں یہ بہت بڑا ظلم ہے۔روز قیامت یہ جواز ہمارے کسی کام نہ آئیں گے۔یاد رکھیں کہ اپنی غلطی اور گناہ کو درست خیال کرنے سے توبہ کی توفیق بھی سلب ہو جاتی ہے۔
 امیر عبدالقدیر اعوان شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ و سربراہ تنظیم الاخوان پاکستان کا جمعتہ المبارک کے روز خطاب۔
  انہوں نے کہا کہ ہم ساری زندگی بھی سربسجود رہیں تو جو کچھ اُس نے ہمیں عطا فرمایا ہے ہم اس کا شکر ادا نہیں کر سکتے۔ہم ہر وقت اس کے مقروض ہیں۔ہم اقرار کرتے ہیں کہ یہ جہان فانی ہے لیکن ہمارے اعمال اس کی شہادت نہیں دے رہے ہوتے ہم مانتے ہیں کہ آخرت ہمیشہ کی زندگی ہے اس کے باوجود ہم اللہ کے احکامات کی پانبدی نہیں کرتے۔ہم اپنی پسند کو ترجیح دیتے ہیں جو حکم ہماری پسند کے مطابق ہو اسے تو مانتے ہیں لیکن جو ہماری پسند سے مختلف ہو اس کو چھوڑ دیتے ہیں۔اللہ کریم کا کوئی حکم ایسا نہیں جس سے مخلوق استفادہ حاصل نہ کرے۔احکامات الٰہی مخلوق کی ضرورت ہیں۔وہ بے نیاز ہے اسے کوئی فرق نہیں پڑتا کوئی اس کا حکم مانے یا چھوڑ دے حکم ماننے والے کو فرق پڑے گا۔
  انہوں نے مزید کہا کہ ہر معاملے میں اللہ کی طرف رجو ع کرنا چاہیے اسی میں انسانی فلاح اور معاشرے کی بقا موجود ہے۔جو کچھ بھی کوئی کر رہا ہے وہ اللہ جانتا ہے اس کے فرشتے لکھ رہے ہیں۔ایک دن سب کو اس کے حضور پیش ہونا ہے۔ہر پہلو ذاتی ہو یا اجتماعی دیکھیے کہ میرے اعمال کیسے ہیں کیا قرآن وسنت کے مطابق ہیں اگر نہیں تو خود اپنے آپ پر ظلم اور زیادتی ہے۔تادم واپسی معافی کا دروازہ کھلا ہے جب یہ فرصت تمام ہو گی پھر موقع نہیں ملے گا۔ہر شخص کو اس کے کام کا پورا پورا بدلہ دیا جائے گا کسی کے ساتھ زیادتی نہیں ہوگی۔
 اللہ کریم ہمیں صحیح شعور عطا فرمائیں۔
  آخرمیں انہوں نے ملکی سلامتی اور بقا کی اجتماعی دعا بھی فرمائی۔
Quran o sunnat par amal karna aur rahnumai haasil kar ke zindagi basr karna hi asal maqsad hona chahiye - 1

کفر کی اقسام

Watch Kufar ki aqsaam YouTube Video

مسلسل نافرمانی بندے کو کفر کی دلدل میں لے جاتی ہے


احکامات الٰہی او ر رسالت نبوی ﷺ پر ایمان ہونے کے باوجود عملی طور پر ہمارے اعمال دین اسلام کے مطابق نہ ہیں یہ بھی انکار کی ایک قسم ہے۔مسلسل نافرمانی بندے کو کفر کی دلدل میں لے جاتی ہے اور وہ احساس گناہ سے نکل کر اپنی غلطیوں پر جواز دینا شروع کر دیتا ہے۔  ہم سارے دعوی ایمان تو رکھتے ہیں لیکن اگر نتائج دیکھیں تو سمجھ آتی ہے کہ ہمارے معاشرے میں انصاف نہیں،سکھ نہیں،لحاظ نہیں ہے۔کیا مسلمان معاشرے ایسے ہوتے ہیں،خاندان ایسے ہوتے ہیں؟کسی کو کسی پر اعتماد نہیں رہا۔یہ سب اس لیے ہے کہ زندگی فسق سے بھری ہوئی ہے۔ہمارا دعوی ایمان تو ہے لیکن عمل نہیں یہ بھی انکار کی ایک قسم ہے جسے کفر تو نہیں لیکن فسق کہا جائے گا۔ایمان بندے کو اللہ کریم سے وہ وابستگی عطا فرماتا ہے جس سے اللہ کی رحمت نصیب ہوتی ہے۔بنیاد ایمان ہے زمین و آسمان کا مالک وہ ہے وہی ہو گا جو اللہ کریم چاہیں گے ہمیں اللہ کریم کے احکامات کے تحت ہونا ہوگا،نبی کریم ﷺ کے ارشادات کے تحت زندگی بسر کرنی ہوگی۔جتنا ایمان مضبوط ہوگا اتنی عبادات کو شرف قبولیت ہو گی جتنی عبادات کو شرف قبولیت نصیب ہوگی اتنے ہمارے معاملات درست ہوں گے۔
 امیر عبدالقدیر اعوان شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ و سربراہ تنظیم الاخوان پاکستان کا جمعتہ المبارک کے روز خطاب۔
  انہوں نے کہا کہ آج لوگ اسلام کے خلاف بات کرتے ہیں،اسلامی اصولوں کے خلاف بات کرتے ہیں جو اسلام پر زندگی بسر کررہے ہیں ان کے ساتھ بھی ایسا رویہ رکھا جاتا ہے کہ وہ بھی اسلام سے پیچھے ہٹ جائیں۔آپ ﷺ نے مخلوق کو حق کی دعوت دی تو لوگوں نے اقراربھی کیا اور اختلاف بھی کیا۔آپ ﷺ کو ہجرت کرنے پر مجبور کیا گیا۔مخالفت کرنے والے اس مخالفت میں اللہ کی رحمت سے دور ہوتے گئے۔صحابہ کریم ؓ ایسی ہستیاں ہیں جنہیں اللہ کریم کی رضا حاصل ہے۔جتنی کسی کو اللہ کی رضا نصیب ہوگی اتنا اسے قرآن و سنت کا اتباع نصیب ہوگا۔ ان میں جو مقام حضرت صدیق اکبر ؓ کا ہے وہ بھی اتباع کے معنی میں ہے کس درجہ کا آپ کا خلوص تھا اور جو شفقت نبی کریم ﷺ سے حضرت صدیق اکبر ؓ  کو نصیب ہوئی اس سے مزید ان میں خلوص بڑھتا گیا۔اللہ کریم ہمیں صراط مستقیم پر چلنے کی توفیق عطا فرمائیں اور صحیح شعور عطا فرمائیں۔وہ معاف فرما دے،رحم فرما دے دین کی سمجھ عطا فرمائے۔
  آخر میں انہوں نے ملکی سلامتی اور امت مسلمہ کے لیے خصوصی دعا بھی فرمائی
Musalsal nafarmani bande ko kufar ki duldul mein le jati hai - 1

انداز تبلیغ

Watch Andaz e Tableegh YouTube Video