Latest Press Releases


جولمحات میسر ہیں ان کو ہم اس مقصد کے لیے استعمال کریں جس کا حکم اللہ اور رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا ہے ۔

قرآن مجید میں اصول بیان فرما دیا گیا کہ اگر تم دین سے پھر جاوٗ گے تو اللہ کریم اس پہ قادر ہے کہ وہ ایسے لوگ پیدا فرمادے جو کہ  اللہ سے محبت کریں اور اللہ ان سے محبت کرے۔اس لیے جو لمحات ابھی ہمیں میسر ہیں ان کو ہم اُن مقصد کے لیے استعمال کریں جسکا حکم اللہ اور رسولﷺ نے ہمیں دیا ہے۔آپ ﷺ کی بعثت عالیﷺ کا مقصدبھی یہی ہے۔ ولادت باسعادت پر اظہار محبت کے ساتھ ساتھ بعثت رسولﷺ کے بتائے ہوئے احکامات پر عمل عشق نبی ﷺکی شہادت ہے۔ ان خیالات کا اظہار امیر عبدالقدیر اعوان شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ و سربراہ تنظیم الاخوان نے ھیون مارکی گوجرانوالا میں خواتین و حضرات کے ایک بہت بڑے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انھوں نے مزید کہا کہ ملک کے تمام ادارے ہمارے ہیں۔اگر کوئی انفرادی طور پر غلطی کرتا ہے تو ادارے پر تنقید درست نہیں۔ہم سب کو ملک کی تعمیر میں اپنا اپنا کردار اد ا کرنا ہو گا۔وطن عزیز کے ہر شعبے کو اتنا مضبوط بنائیں کہ دوسرے مسلم ریاستوں کی مدد کر سکیں۔اس طرح  وطن عزیز میں کسی کو دراندازی کرنے کی جرات نہیں ہو گی۔ مسئلے کا حل گفت وشنید سے ہوتا تو پھر غزوہ بدر کا حکم نہ ہوتا۔اس طرح پہلی کوشش تو یہ ہونی چاہیے کہ بات  چیت سے  مسئلہ حل ہو لیکن اگر حل نہ نکل سکے تو صاحب اختیار ادارے وہ قدم اٹھائیں جو عین دین اسلام کے مطابق ہے اور کشمیری بھائیوں کو اس ظلم اور اس جبر سے نکالنے کے لیے باہم چھوٹے چھوٹے اختلافات کو ختم کیا جائے اور ہم سب ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوں اور اپنی ذات کو بالائے طاق رکھ کر اپنے ہر عمل کو صرف اللہ کی رضا کے لیے کر یں۔اور بندہ جانتا ہے غلط کیا ہے اور صحیح کیا ہے لیکن عمل اس جاننے کے مطابق نہیں ہوتا۔ تو یاد رکھیں کہ جہاں تعلیمات نبوت کا حصول ضروری ہے وہاں ان برکات کا حاصل کرنا بھی ضروری ہے جو قلب اطہر محمد رسول ﷺ سے آرہی ہیں اور اسکے لیے اس شعبہ تصوف کے حاصل صوفی کے پاس حاضر ہو نا ہو گا۔اور یہ وہ لوگ ہیں جو بندہ مومن کے قلب پر محنت کراتے ہیں جس سے بندہ کی نیت خالص ہوتی ہے اور وہ ہر قدم پر نظر رکھتا ہے کہ ہر قدم رضائے باری کے لیے اٹھے۔
آخر میں انھوں نے گوجرانوالہ ڈویثرن کے الاخوان ذمہ دران کو مبارک باد پیش کی کہ انہوں نے بہت منظم پروگرام ترتیب دیا اور اللہ کریم ان کی اس کاوش کو قبول فرمائیں۔پروگرام میں سلسلہ عالیہ گوجرانوالاڈویژن کے صاحب مجاز عبدالحمید چھینہ صاحب، الاخوان  گوجرانوالاہ کے جنرل سیکرٹری رانا الیاس،ضلع گوجرانوالاکے صدر محمد طارق محمود،سیکرٹری نشرواشاعت گوجرانوالہ ڈویژن لکی عبدالرزاق  اس کے علاوہ جنرل سیکرٹری الاخوان پنجاب جناب حکیم عبدالماجد، اور امجد اعوان سیکرٹری نشرواشاعت  الاخوان پاکستان نے بھی خصوصی شرکت کی۔پروگرام میں ہر طبقہ ہائے فکر کے لوگوں نے شرکت کی۔ایس اے حمید سابقہ ایم پی اے، محمد لطیف چوہدری سابقہ مشیر حکومت آزاد کشمیر اور اس کے علاوہ نوید بھنڈر سابقہ ایم پی اے نے بھی شرکت کی۔ 
  پروگرام کے آخر میں آپ نے ملکی سلامتی اور کشمیری بھائیوں کے لیے خصوصی دعا بھی فرمائی۔
 - 1

عشقِ مصطفے ٰ ﷺ کا تقاضہ ہے کہ اپنے مسلمان کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کی جائے

 
 شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ و سربراہ تنظیم الاخوان امیر عبدالقدیر اعوان نے ہائی کورٹ بار لاہور میں عشق مصطفےٰ ﷺ سیمینار میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مضبوط پاکستان ہی کسی دوسرے مسلمان بھائی کی مدد کر سکتا ہے جب تک ہم خود تعلیمات نبوی ﷺ پر عمل نہیں کرتے ہم مضبوط نہیں ہو سکتے۔ڈھگمگاتی معیشت کے ساتھ کسی کی مدد کرنا تو کجا ہم خود مدد کے محتاج رہیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دنیاوی قوانین بنتے ہیں تو ان میں ہمیشہ تبدیلی کی گنجائش ہوتی ہے۔ اور وقت گزرنے کے ساتھ ان میں تبدیلی آتی رہتی ہے۔ہم عدالت عالیہ میں بیٹھے ہیں یہاں کے اصول و ضوابط اور حدود و قیود ہیں۔ایک وکیل یا جج ان اصول و ضوابط اور قوانین کے باہر نہیں جاسکتا اگر عدالت کے وضع کردہ اصول و ضوابط کی خلاف ورزی ہوگی تو اس کو نہیں مانا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ ہرقوم کے اپنے اصول و ضوابط ہوتے ہیں جب بھی دوسری اقوام کے اصول و ضوابط کو اپنایا جائے گا تو غلامی کا عنصر نظر آئے گا۔ اللہ کریم کا احسان ہے کہ اس نے مخلوق کو رحمت اللعالمین حضور اکرم ﷺ کی ذات عطا فرمائی۔ ہمیں وہ رشتہ عطا فرمایا جو ایمانی ہے۔نسبی خونی رشتہ ہے اور یہ رشتہ تب اہمیت رکھتا ہے جب ایمانی رشتے کے تحت آئے گا۔ عشق نبی ﷺ کی بات کریں تو جب دامن عشق کو لے کر اٹھو گے تو شہادت کیا ہوگی وہ ہے اتباع رسالت ﷺاور اتباع رسالتﷺ  حضور اکرم ﷺ کے دیدار کا سبب ہے۔دین کا جاننا ہم سب کی انفرادی ذمہ داری ہے۔انھوں نے کہا کہ جب بات مواخات مدینہ سے میثاق مدینہ تک پہنچتی ہے تو ہمیں نظر آتا ہے کہ اپنی اولاد بھی اگر کوئی جرم کرے تو قانون سے بالاتر نہیں۔ ارشادات محمد ﷺ صدیوں پر محیط ہیں کوئی ایک نقطہ بتادیں کہ جس میں تبدیلی کی ضرورت ہو ایسا ممکن ہی نہیں ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ علامہ اقبال کی فکر پاکستان کی بنیاد ہے۔میں جب پاکستان کو دیکھتا ہوں تو ہم لڑکھڑا رہے ہیں۔ خرابیاں افراد کرتے  ہیں مگر ہمارے جھگڑے اداروں سے ہوجاتے ہیں۔  امت محمد رسول اللہ ﷺ کو اپنے حصے کا کردار کرنا ہوگا۔ہر اکائی کو مضبوط پاکستان بنانے میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔وطن عزیز جس قدر مضبوط ہو اتنی مضبوطی سے کشمیریوں کی مدد کرسکیں گے۔
اس سیمینار میں لاہور ہائی کورٹ کے جج جناب جواد حسن،ڈکٹر انور گوندل ایڈیشنل پراسیکیوٹرجنرل پنجاب،حفیظ الرحمن چوہدری صدر لاہور ہائی کورٹ بار اور ان کے علاوہ اور بھی بہت سے وکلاء نے شرکت کی۔آخر میں انہوں نے ملکی سلامتی اور کشمیری بھائیوں کے لیے خصوصی دعا فرمائی۔
 
 
 
 
 
 - 1

معاشرہ بہت سی کمزوریوں کے ساتھ انحطاط کا شکار ہے

 
ہمارے اعمال سے لے کرمعاملات تک حضور اکرم ﷺ کے بتائے ہوئے اصولوں کے مطابق ہونے چاہیئں: اجتماع سے خطاب
لاہور(پ۔ر)معاشرہ جہاں بہت سی کمزوریوں کے ساتھ انحطاط کا شکار ہے وہاں ہمارے درمیان فروعی اختلاف کووہ درجہ دے دیا ہے کہ آپس میں اختلافات اور جھگڑے فروغ پارہے ہیں۔اسی طرح آپ ﷺ کی ولادت باسعادت کو منانا یا نہ منانا یہ بھی باہم انتشار کا سبب بن رہا ہے۔حالانکہ فروعی اختلاف تو دین اسلام کاحسن ہے جس سے عمل کا وہ حصہ جو ایک نہیں اپنا رہا دوسرااپنا لے ولادت کو اس طرح مناؤ کہ ہر لمحہ آپ ﷺ کی ذات مبارکہ کے مطابق ہوجائے اس کو ماہ و سال میں مقید کرنے کے بجائے اپنی زندگی کے ہر لمحے میں  لے آئیں۔ ان خیالات کا  اظہار حضرت امیر عبدالقدیر اعوان شَیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ و سربراہ تنظیم الاخوان  نے اویسیہ سوسائٹی ٹاؤن شپ لاہور میں ایک بہت بڑے جمِ غفیر سے خطاب کرتے  ہوئے کیا۔
انھوں نے کہا کہ ہم اپنے حلیوں اور ان دعوؤں سے عشق رسولﷺ  کوثابت نہیں کر سکتے کہ جب تک ہمارے اعمال دین اسلام کے مطابق نہ ہوں ہمارالین دین اسلامی نہ ہو وعدوں کاپاس رکھتا ہواگریہ سب کچھ اعمال سے لے کر معاملات تک آپﷺ کے بتائے ہوئے اصولوں کے مطابق نہ ہو گا تو ہماری شہادت جھوٹی ہو جائے گی اور ہمارے تمام اعمال ضائع ہو جائیں گے اس لیے یہ بات ضرور ذہن نشین کر لینی چاہیے کہ روز محشر بہت سخت وقت ہوگا حساب کتاب شروع نہ ہو گا تو تمام انبیاء علیہم السلام آپ کے پاس حاضر ہوں آپ ﷺ فرمائیں کہ حساب کتاب شروع ہووہاں بھی آپ کی دعا سے حساب کتاب شروع ہوگا وہاں بھی شفاعت رسول ﷺ سے امت رسول کی بخشش ہو گی دیکھنا یہ ہے کہ آج وہ اعمال اختیار کریں کہ آپ ﷺ کی شفاعت کے مستحق ٹھہریں اللہ کریم ہمیں اپنی ذات سے نکل کر اللہ اورررسولﷺ کی رضا کرنے کے لئے اعمال اختیار کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔
آخر میں کشمیر پر ہندوستان کی فوج کے تسلط کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ آج 100 دن ہوگئے کشمیری مسلمانوں پر کس طرح کے مظالم ڈھائے جا رہے ہیں جن کا تصور ہم یہاں بیٹھ کر نہیں کر سکتے کیا وجہ ہے کہ ہم صرف دعاؤں کی حد تک ہیں اور ہمارے مقتدر ادارے جو کہ اختیار رکھتے ہیں ان سے اپیل ہے کہ وہ ان مسلمان بھائیوں کے لئے عملی کردار ادا کریں اور یہ بھی یاد رکھیں کہ اپنے ملک پاکستان کو مضبوط کرنا ہوگا اگرہم عسکری لحاظ سے لے کر اقتصادی لحاظ سے مضبوط ہوں گے تو پھر کسی کی جرأت نہ ہو گی کہ وہ ہمارے ملک کے مسلمانوں کی طرف میلی آنکھ سے بھی دیکھے۔ اجتماع میں امجد محمود اعوان سیکرٹری اطلاعات و نشرواشاعت تنظیم الاخوان پاکستان،ملک محمد ثاقب سیکرٹری نشرواشاعت پنجاب، مخدوم الطاف امیر سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ لاہور رحمت اللہ ملک صدر لاہور ڈویژن،تاج محمود چشتی صدر لاہور، راشد عبدالقیوم جنرل سیکرٹری لاہور ڈویژن،عبدالرحمن جج جوائنٹ سیکرٹری لاہورنے بھی شرکت کی۔
 
           
 
 
 - 1

جنات اور شیاطین اس لیے طاقتور ہیں کہ ہمارا ایمان کمزور ہو چکا ہے

 پریس ریلیز 
  اللہ کریم نے انسان کو احسن تقویم فرمایا اور جب یہ بشر اپنی اصل سے ہٹتا ہے یعنی آپ ﷺ کے نقوش پا کو اختیار نہیں کرتا تو جہاں اس کو آخرت میں اس کا جواب دینا ہو گا وہاں اس کی دنیاوی زندگی بھی سکون سے خالی ہو جاتی ہے اور اس کمزوری کے سبب اسے جنات بھی آگھیرتے ہیں اور انسان کے جسم میں سرائیت کر جاتے ہیں اور اس کے باڈی سیلز کو متاثر کرتے ہیں۔جنات اور شیاطین سے حفاظت کے لیے خالص ہو کر آپ ﷺ کی ذاتِ مبارکہ سے خود کو منسلک کر لیا جائے تو اس پر ایسی کسی چیز کا اثر نہ ہو گا۔موجودہ دور میں یہ بیماری عام ہے جس کا علاج یہی ہے۔ان خیالات کا اظہار امیر عبدالقدیر اعوان شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ و سربراہ تنظیم الاخوان پاکستان نے جمعتہ المبارک کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔
  انہوں نے کہا کہ اللہ کریم نے برکات نبوتﷺ سے ہمیں نوازا ہے جو کہ سینہ بہ سینہ چلی آرہی ہیں۔جس کا ایک ربط ہے ایک تسلسل ہے اور اس کے لیے ایسی ہستی تلاش کرنی پڑتی ہے جو ان برکات کی امین ہو اور ان برکات کو دوسرے کے سینے میں منتقل بھی کر سکتا ہے۔یہ وہ انوارات الٰہی ہیں جن کے سامنے نہ کوئی جن ٹھہر سکتا ہے اور نہ کوئی جادو اثر کر سکتا ہے۔اور یہ کام کامل شیخ  لمحوں میں کر دیتا ہے۔مشائخ ساری محنت قلوب پر کرتے ہیں انھیں درست کرتے ہیں جو کہ اس وجود کا بادشاہ ہے اسی سے سارے خیالات سارے احکام اٹھتے ہیں اور جب تزکیہ حاصل ہوتا ہے تو دنیاوی تکلیفوں کے باوجود دل میں قرار ہوتا ہے سکون ہوتا ہے راحت ہوتی ہے۔
  یاد رہے کہ امیر عبدالقدیر اعوان 9 نومبر بروز ہفتہ بورے والہ میں ایک عظیم الشان جلسہ بعثت رحمت عالم ﷺ سے خطاب فرمائیں گے اس کے بعد 10 نومبر بروز اتوار مظفرگڑھ میں بھی جلسہ بعثت رحمت عالم ﷺ کے موضوع پر خطاب فرمائیں گے۔اس کے علاوہ بھی ملک کے مختلف شہروں میں ربیع الاول کی مناسبت سے پروگرامز کا انعقاد کیا گیا ہے۔
 
 - 1

اللہ کریم نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو رحمت اللعالمین بنا کر بھیجا ۔ امیر عبدالقدیر اعوان۔

 
 ہمارے درمیان نا اتفاقی،جھگڑیاور اس افراتفری کا واحد حل یہ ہے کہ ہم سب چاہے وہ حکومت ہو،حزب اختلاف ہو یا دیگر دینی و سیاسی جماعتیں اور ہم عوام اس ایک نقطہ پر اتفاق کر لیں اکٹھے ہو جائیں وہ ہے آپ ﷺ کی ذات ِ مبارک۔اور آپ ﷺ کے بتائے ہوئے زندگی کے اصولوں کو اختیار کر لیا جائے اپنی پسند کو ختم کر کے نبی کریم ﷺ کی پسند میں اپنی زندگیوں کو ڈھال لیا جائے تو معاشرے میں وہ بہار آئی گی وہ سکون آ ئے گا جو ہم سب کے لیے باعث رحمت ہو گا۔ماہ مبارک ربیع الاول وہ لمحات ہیں جس میں آپ ﷺ کی ولادت با سعادت ہوئی اور اللہ کریم نے آپ ﷺ کو رحمت اللعالمین بنا کر بھیجا۔ان خیالات کا اظہار امیر عبدالقدیر اعوا ن شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ و سربراہ تنظیم الاخوان پاکستان نے ماہانہ روحانی اجتماع کے موقع بعثت رحمت عالم ﷺ کے موضوع پر ہزاروں کی تعداد میں آئے خواتین و حضرات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
  انہوں نے کہا کہ آپ ﷺ کو رحمت اللعالمین بنا کر بھیجا گیا۔آپ ﷺ کی رحمت دنیا کی کل مخلوق
 بالائے آسمان کی مخلوق،زیر زمین مخلوق،کافر اور مسلمان سب پر محیط ہے۔لیکن مسلمان کا بحیثیت اُمتی وہ رشتہ ہے جو آپ ﷺ کی بعثت کے ساتھ منسلک ہے۔اور اس رشتے نے باقی تمام رشتوں کو پیچھے چھوڑ دیا 
 جب ہم اپنے اُمتی ہونے کے رشتے کو افضل جانتے ہیں تو پھر دیکھنا ہو گا کہ ہمارا ہر عمل حضور ﷺ کی پیروی میں ہو یہاں تک کہ آپ ﷺ سے اظہار محبت میں بھی وہ اصول اپنائیں جو اللہ کریم نے فرمائے ہیں۔اور ایسا طریقہ اپنائیں جس سے اُمت میں تفریق پیدا نہ ہو۔کیونکہ اس بارگاہ میں عشق و محبت بھی آداب کے پابند ہیں۔
  یادرہے کہ ربیع الاول کے حوالے سے سلسلہ عالیہ کے زیر اہتمام ملک کے مختلف شہروں میں جلسوں کا نعقاد ہو رہا ہے آج ربیع الاول کی مناسبت سے مرکز دارالعرفان میں پہلا جلسہ منعقد ہوا۔
 - 1

بعثت رحمت عالم ﷺ اور محبت رسول ﷺ وہ جزبہ ہے جو کہ ایام اور مہینوں میں مقید نہیں کیا جا سکتا۔امیر عبدالقدیر اعوان

 
 
 ماہ مبارک ربیع الاول کی مبارک ساعتیں ہیں ہمارے لیے آپ ﷺ کی زندگی مشعل راہ ہے۔ہمیں ہر لمحے اپنے ہر ہر عمل میں دین اسلام کو ڈھالنا ہو گا۔اور اسوہ رسول ﷺ کو اپنی زندگی میں اولین ترجیح پر رکھنا ہوگا۔اس میں چاہے ایک فرد واحد ہو یا ملک کے وہ ادارے جو کہ صاحب اختیار ہیں سب کو چاہیے کہ وہ حق کے راستے کو اختیار کریں تاکہ ہم پر جو بے چینی،عدم اعتمادی اور باہم اختلافات کی فضا بنی ہوئی ہے اس سے نجات مل سکے۔کیونکہ کوئی بھی عمل اگر ذاتی مفادات کے لیے کیا جائے گا تو اس سے معاشرے میں بہتری آنا یہ ممکن نہیں۔ہمیں ایسے اعمال اختیار کرنے کی ضرورت ہے جن کا مقصد صرف اللہ کی رضا ہو۔ان خیالات کا اظہار امیر عبدالقدیر اعوان شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ و سربراہ تنظیم الاخوان پاکستان نے جمعتہ المبار ک کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔
  انہوں نے کہا کہ اس وقت ہم حق اور باطل کی درمیانی راہ پر چل رہے ہیں نیکیاں بھی کر رہے ہیں اور معاملات میں بھی کھرا پن نہیں ہے۔یہ درست نہیں ہے ہمیں خالص اور مضبو ط ایمان کے ساتھ حق کی طرف آنا ہو گا اسی میں ہماری،ہمارے خاندان اور ہمارے ملک کی بھلائی ہے۔بعثت رحمت عالم ﷺ اور محبت رسول ﷺ وہ جزبہ ہے جو کہ ایام اور مہینوں میں مقید نہیں کیا جا سکتا یہ تادم واپسی تک اپنانے والا رشتہ ہے۔
  یا در ہے کہ امیر عبدالقدیر اعوان امریکہ اور برطانیہ کے ایک ماہ کے کامیاب روحانی تبلیغی دورہ سے وطن واپس پہچے ہیں اورسلسلہ نقشبندیہ اویسیہ کے مرکز دارالعرفان منارہ میں جمعتہ المبار ک کے موقع پر خظاب کیا۔بروز اتوار بعثت رحمت عالم ﷺ کے موضوع پر مرکز ی جلسہ کا انعقاد کیا گیا ہے جس میں ملک بھر سے سلسلہ عالیہ کے نمائندگا ن اور ذمہ داران کے علاوہ بڑی تعداد میں سالکین شرکت کریں گے اس روحانی جلسہ میں حضرت امیر عبدالقدیر اعوان مد ظلہ العالی خصوصی خطاب اور اجتماعی دعا بھی فرمائیں گے۔
 - 1

انسانی زندگی پیدائش سے لے کر موت تک خواہشات کا ایک سمندر ہے

پریس ریلیز (دورہ امریکہ اور برطانیہ)
انسانی زندگی پیدائش سے لے کر موت تک خواہشات کا ایک سمندر ہے جس کو طے کرتے ہوئے کنارے پہنچنا ہے ۔ اگر یہ سمجھا جائے کہ ذاتی عقل سے اسے عبور کیا جا سکتا ہے تو یہ مشکل ہی نہیں بلکہ نا ممکن ہے ۔ رب کائنات نے اپنی شناسائی کے حصے تخلیقی طور پر اس بشر کو عطا فرمائے ہیں ۔ اللہ کی توحید کو ماننے کے لیے اس کائنات کی تخلیق پر ہی اگر غور کر لیا جائے تو بندہ اس نتیجہ پر پہنچ سکتا ہے کہ خالق کائنات کوئی ایک ہے ۔ لیکن وہ کیسا ہے اسے کیا پسند ہے کیا نا پسند ہے وہ کس بات پر راضی ہوتا ہے کون سی بات ناراضگی کا سبب بنتی ہے ان تمام باتوں کے لیے اللہ کریم نے انبیاء ;174; مبعوث فرمائے اور اپنا ذاتی کلام نازل فرمایا ۔ ان خیالات کا اظہار امیر عبدالقدیر اعوان شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ و سربراہ تنظیم الاخوان پاکستان نے ناءف ہارنڈن سینٹر ورجینیا میں جمعتہ المبارک کے موقع پر مسلم کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
انہوں نے کہا کہ جب انسان اپنے تخلیقی مقصد تک جاننا چاہے گا تو اسے اس نظام کی ضرورت ہے جو اس کے خالق نے اس کے لیے پسند فرمایا ۔ یہ ہماری غلط فہمی ہے کہ ہم یہ سمجھیں کہ دنیا کو میں اپنی عقل و خرد کے ذریعے جیسے چاہوں حاصل کر سکتا ہوں ایسا نہیں ہوتا ۔ یہ اللہ کریم کی اپنی تقسیم ہے کہ کسے کتنا عطا فرماتا ہے ۔ جو اصول اس نے انسان کے لیے پسند فرمائے ہیں اگر کوئی ان اصولوں کے خلاف جاتا ہے تو وہ اپنے اوپر خود ظلم کر رہا ہوتا ہے ۔ اللہ کریم صحیح شعور عطا فرمائیں ۔
یاد رہے کہ امیر عبدالقدیر اعوان ایک ماہ کے امریکہ اور برطانیہ کے روحانی دورہ پر ہیں جہاں وہ مختلف شہروں میں تصوف اور ذکر الٰہی کی اہمیت پر لیکچردے رہے ہیں ۔ 27 اکتوبر کو آپ کا لندن میں بڑا پروگرام ہے جس میں مسلم کمیونٹی کے علاوہ غیر مسلم بھی بڑی تعداد میں شرکت کریں گے

 - 1

آخرت میں جو اجر ملنا ہے وہ ہمارے کردار پر ملنا ہے جیسا کردار ہو گا ویسا اجر ملے گا۔امیر عبدالقدیر اعوان

 پریس ریلیز دورہ امریکہ (کیلی فورنیا)
 ارشاداتِ محمد الرسول اللہ ﷺ پر عمل کرنے سے انسان مقصد ِتخلیق کو پا لیتا ہے۔او ر اسے ابدی کامیابی نصیب ہوتی ہے۔جہاں جو ارشاد فرمایا گیا ہے اس پر عمل کرنے سے آخرت میں ثواب تو ملے گا لیکن اس کا اجر اسی دنیا میں بھی شروع ہو جاتا ہے اور وہ یہ کہ بندے کو اللہ کریم کی رضا اور محبوب ہوتی چلی جاتی ہے صالح اعمال میں اضافہ ہونا شروع ہو جاتاہے۔کردار بہتر سے بہترین کی طرف سفر شروع کر دیتا ہے۔ان خیالات کا اظہار امیر عبدالقدیر اعوان شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ و سربراہ تنظیم الاخوان پاکستان نے دورہ امریکہ پر کیلی فورنیا میں مسلم کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
  انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کے امتی کا جو آپس میں رقابت کا رشتہ ہے اس کے اصول بدل جاتے ہیں ایک ہی محبوب کو چاہنے والے رقیب ایک دوسرے پر جان نچھاور کرنے کو تیار ہوتے ہیں۔صحابہ کرام ؓ سے لے کر آج تک یہ مثالیں ملتی ہیں۔جب ایمان مضبوط ہو تو عبادات نصیب ہوتی ہیں اور جب عبادات قبول ہوں تو اس کا نتیجہ عملی زندگی ظاہر ہوتا چلا جاتا ہے۔معاملات میں بہتری آتی ہے۔آخرت میں جو اجر ملنا ہے وہ ہمارے کردار پر ملنا ہے جیسا کردار ہو گا ویسا اجر ملے گا۔جنت کا اجر معاملات پر انعام کے طور پر ہو گا۔
  یاد رہے کہ امیر عبدالقدیر اعوان  امریکہ اور برطانیہ کے ایک ماہ کے دورہ پر ہیں جہاں وہ مختلف مقامات پر تصوف اورذکر الٰہی پر لیکچر دے رہے ہیں۔جس میں مسلم کمیونٹی کے علاوہ غیر مسلم بھی استفادہ حاصل کر رہے ہیں۔
 - 1

بُرائی کو بڑھانے کا سبب بننے کی بجائے اپنے حصّے کی اچھائی اختیار کریں ۔ امیر عبد القدیر اعوان

اللہ کریم اور نبی کریم ﷺ کےبتائے گئے احکامات کا تمسخر اڑایا جائے اور ہم بحیثیت مسلمان اسے خاموشی سے دیکھتے رہیں تو پھر ہم اندرونی طور پر پرسکون نہیں رہ سکتے ہیں۔اور یا درکھیں ہمارے اوپر خشکی اور تری میں جو بھونچال آتے ہیں اس کا سبب ہمارے اعمال ہیں اور بحیثیت مجموعی آخری مہرہ ہمارا یہ رویہ ہے۔ان خیالات کا اظہارحضرت امیر عبدالقدیر اعوان مد ظلہ العالی شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ و سربراہ تنظیم الاخوان پاکستان نے جمعتہ المبارک کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے فرمایا۔
  کسی بھی معاشرے کی خرابی کا سبب معاشرہ خود ہوتا ہے۔ہم سب اس کی ایک ایک اکائی ہیں،برائی کو بڑھانے کا سبب بننے کی بجائے اپنے حصے کی اچھائی اختیار کریں۔ہم صرف اچھے اعمال اختیار کرنے کے مکلف ہیں نتائج اللہ کریم کے پاس ہیں۔اللہ کریم مسلمہ اُمہ کو صالح کردار عطا فرمائیں اور کشمیر کے بھائیوں پر رحم فرمائیں ان کے لیے آسانیاں پیدا فرمائیں وہاں امن کی شمعیں روشن ہوں۔آخر میں انہوں نے ملکی سلامتی اور بقا کی اجتماعی دعا فرمائی۔
 - 1

اپنے ہر عمل کو محض اللہ کی رضا کے لیے کیا جائے۔امیر عبدالقدیر اعوان

اپنے ہر عمل کو محض اللہ کی رضا کے لیے کیا جائے اور حصول آخرت ہی نہاں خانہ دل میں ہو۔کتنا ہی نیک اور اعلیٰ عمل ہو اس میں نیت یہ ہو کہ میرا فلاں کام دنیا کا ہو جائے تو پھر وہ اجر اپنا اثر کھو دے گا۔اس لیے اپنے ایمان کو مضبوط کریں اور اس کی مضبوطی کے لیے اپنے قلب کی صفائی کی جائے جو ان تمام اعمال کی بنیاد ہے۔ان خیالات کا اظہار حضرت امیر عبدالقدیر اعوان مد ظلہ العالی شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ و سربراہ تنظیم الاخوان پاکستان نے جمعتہ المبارک کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے فرمایا۔
  انہوں نے کہا کہ آج کل عبادات میں بھی سودے کیے جا رہے ہیں کہ میں نماز بھی پڑھتا ہوں لیکن میرے گھر سے بیماری نہیں جاتی،میرا رزق نہیں بڑھ رہا۔یہاں ہمیں یہ دیکھنے کی ضرورت ہے کہ اللہ کریم نے جو فرائض مقرر کیے ہیں ان کی ادائیگی محض اللہ کی رضا کے لیے ہونی چاہیے اس میں کسی قسم کا دنیاوی فائدہ حاصل کرنے کی نیت نہ ہو۔ہمیں اپنی نیتوں کو دیکھنے کی ضرورت ہے جب نیت ٹھیک نہیں ہو گی تو وہ نیکی ہمارے کردار میں تبدیلی کا سبب نہیں بنے گی۔قرآن کریم میں ہے کہ نماز برائی اور بے حیائی سے روکتی ہے اگر ہم نماز بھی پڑھ رہے ہیں اور برائی اور بے حیائی بھی ساتھ ساتھی چل رہی ہے تو سمجھ لیجیے کہ کہیں کچھ کمی رہ گئی ہے کہیں نیت میں ادائیگی میں کچھ تو ہے ورنہ قرآن کا فیصلہ ہے کہ نماز سے برائی اور بے حیائی سے بندہ رک جاتا ہے۔اللہ کر یم ہمیں صحیح شعور عطا فرمائیں اور ہمیں خالص نیت کے ساتھ اعمال کرنے کی توفیق عطا فرمائیں۔آخر میں انہوں نے ملکی سلامتی اور بقا کی اجتماعی دعا فرمائی۔
 - 1